عوام نواز شریف دشمن قوتوں کی منفی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں ‘ بابو سرفراز جتوئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ نواز شریف دشمن قوتیں بالخصوص یوٹرن خان‘ کینیڈا ہویا سیاسی اسٹیج پر دھمال ڈالنے والے مداری اپنے مفادات پرمبنی کھوکھلے اتحاد سے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے ۔ آج عوام باشعور ہیں اور بازیگروں اور مداریوں کو جان چکے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے متوالے اپنے قائد نواز شریف کے کاندھے کے کاندھا ملا کر میدان سیاست میں ثابت قدم اور باعزم ہیں۔ وہ سندھ مسلم لیگ ہائوس کراچی میں سندھ کے عہدیداران نائب صدر سندھ راجہ عبداللہ‘ سید فواد شاہ ‘ کریم شیخ ودیگر سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تنظیم سازی پر بھرپور توجہ کے ساتھ کام ہورہا ہے اور سندھ کے کئی شہروں میں کارنر میٹنگز اور جلسوں کا ایک نہ روکنے والا سلسلہ کا آغاز ہوچکا ہے۔ جن میں سکھر‘ تھرپارکر ‘ میرپور خاص‘ خیرپور کراچی ودیگر اور شہروں میں بھر پور جذبہ کے ساتھ جلسوں کی تیاریوں کا سلسلہ مضبوط عزم کے ساتھ جاری ہے۔