مر دم شماری کے غلط نتا ئج کا اثر سی پیک پر ہو گا ، وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپو رٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حالیہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو کم کرکے دکھانا نہ صرف یہ کہ اس ملک کے ساتھ زیادتی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں آئندہ ہونے والے فیصلے بھی موثر ثابت نہ ہوسکیں گے اور مردم شماری کے غلط نتائج کا اثر سی پیک منصوبے پر بھی ہوگا ، کراچی کی آبادی تقریباً تین کروڑ کے قریب ہے ، یہ شہر سب کا ہے اور یہاں ملک بھر سے لوگ اپنے روزگار کے لئے آتے ہیں، کراچی میں آنے والے لوگ تمام تر انفراسٹرکچر اور سہولیات استعمال کرتے ہیں گزشتہ سالوں میں اس شہر کے مسائل بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں میں نے ملک کے بڑوں سے یہ درخواست کی ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک ساتھ بیٹھیں جس طرح کراچی میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام ادارے ایک ساتھ بیٹھے اسی طرح اس شہر کے مسائل کے حل کے لئے بھی سب کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا تاکہ مستحکم بنیادوں پر کراچی کے مسائل کا حل نکالا جاسکے، یہ بات انہوں نے منگل کی شام سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 40 ویں کامن کورس کے زیر تربیت افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، میئر کراچی نے کہا کہ میں نے بذات خود وزیراعظم ، آرمی چیف اور کور کمانڈر صاحب سے یہ درخواست کی ہے کہ اس شہر میں اب ایک ایسے آپریشن کی ضرورت ہے جس میں شہر کی ڈویلپمنٹ ہو، اس شہر میں ایسے ادارے بنانے ہوں گے جہاں لوگوں کو روزگار مل سکے۔