راولپنڈی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی، پولیس کی بھاری نفری جلوس کے مقررہ راستوں پر تعینات کر دی گئی ہے۔
چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے آرمی اور رینجرز کے دستوں کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ روٹ کی سپیشل چیکنگ کی جائے گی اور اُسے سیل کر کے گلیوں کو خاردار تاروں سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ جلوس میں شرکت کیلئے آنے والے عزاداروں کی جامہ تلاشی لی جائے گی اور پھر ہی انہیں جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ سپیشل برانچ کے اہلکار، لیڈیز پولیس، قومی رضاکار اور امن کمیٹی کے ممبران ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ چہلم کے موقع پر ممکنہ دہشتگردی اور سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کو شہر کے اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔