لاہور چیمبر اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کمیٹی کی تشکیل پر متفق
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز نے پاک بھارت تجارت کی راہ میں حائل نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے پانچ پانچ نمائندے شامل ہونگے۔ کمیٹی پاک بھارت تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔ یہ فیصلہ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے سترہ رکنی اعلیٰ سطحیٰ وفد کے دورہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موقع پر کیا گیا۔ وفد کی سربراہی مسٹر کرن وہرہ کررہے تھے جبکہ لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں ابوذر شاد، کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے پاک بھارت تجارت آفتاب وہرہ، سابق صدور میاں محمد اشرف، بشیر اے بخش، افتخارعلی ملک، محمد علی میاں، میاں مظفر علی، سابق نائب صدور شفقت سعید پراچہ اور سعیدہ نذر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز کے وفد کے سربراہ کرن وہرہ نے کہا کہ برابری کی صورتحال پیدا کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کو تعاون اور ایک دوسرے کو مواقع فراہم کرنا ہونگے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع پیمانے پر تجارتی وفود کا تبادلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ممالک کا نجی شعبہ تجارت کا فروغ چاہتا ہے۔