ایجرٹن روڈ‘ شیرپائو پل : امریکی سفارتخانے کی مزید 2 مشکوک گاڑیوں کو چھوڑ دیا گیا‘ عوام کا شدید احتجاج
لاہور (نامہ نگار/ ثنا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ایجرٹن روڈ اور شیرپائو پل پر امریکی سفارتخانے کی دو مشکوک گاڑیوں کو پولیس اور حسا س ادارے کے اہلکاروں نے گزشتہ روز بھی امریکی قونصلیٹ کے دباؤ پرتلاشی کے بغیر چھوڑ دیا جبکہ شہریوں نے بلیک واٹر اور امریکیوں شہریوں کی پراسرار سرگرمیوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ایل ڈی اے پلازہ کے قریب ایجرٹن روڈ پر لگے ناکے پر کالے شیشوں والی لینڈ کروزر جیپ کو پولیس اہلکاروں نے روکا تو گاڑی میں سوار افراد نے خود کو امریکی سفارتخانے کے ملازمین ہونے کا تعارف کرایا جس پر پولیس ملازمین نے ایس پی سول لائن کو بتایا تو وہ موقع پر پہنچ گئے اور ان افراد سے بات چیت کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے انکار کر تے ہوئے بدتمیزی شروع کر دی اور گاڑی کی تلاشی دینے سے بھی انکار کر دیا۔ گاڑی میں سوار افراد نے فون پر امریکی قونصلیٹ کو اس صورتحال سے آگاہ کر دیا جس پر امریکی قونصلیٹ سے آنے والے عملہ کے وہاں آنے پر پولیس نے گاڑی میں سوار افراد کو بغیر تلاشی کے چھوڑ دیا۔ اسی طرح شیر پائو پل کے قریب بھی حسا س ادارے اور پولیس کے ملازمین نے ناکے پر ایک کالے شیشوں والی لینڈ کروزر جیپ کو روکا تو جیپ میں سوار افراد نے بھی خود کو امریکی سفارتخانے کے ملازم ہونے کا بتایا اور تلاشی دینے سے انکا رکر دیا ان کار سوار افراد کو بھی امریکی قونصلیٹ کی مداخلت پر چھوڑ دیا گیا۔ علاوہ ازیں شہر میں امریکی تنظیم بلیک واٹر جس کا نیا نام ایکس زی سروسز ہے کی پراسرار سرگرمیوں پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ہماری پولیس و ادارے امریکیوں کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا خدارا حکمران ہمارے ملک کی خودمختاری کا سودا نہ کریں۔ جمعہ کے روز پکڑی جانے والی امریکن قونصلیٹ کی مشکوک نمبر پلیٹ والی گاڑی تھانہ سرور روڈ میں بند ہے اور پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔ ثنا نیوز کے مطابق ایجرٹن روڈ پر گاڑی میں سوار افراد نے پولیس کو دھمکی دی کہ انہیں تنگ کیا یا زبردستی تلاشی لی تو وہ گولی مار دینگے۔ انہوں نے کہا ہم امریکی ہیں باقی دنیا کا کوئی قانون ہم پر لاگو نہیں ہوتا۔ آدھ گھنٹہ بحث کے بعد پولیس کو ’’ہار‘‘ ماننا پڑی۔ آن لائن کے مطابق دونوں گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹیں لگی ہوئی تھیں۔