محکمہ بلدیات:شکایات پر2 زونل افسر، 7 بلڈنگ انسپکٹرز پلاننگ ونگ سے بے دخل 

Aug 13, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر کی ہدایت پر محکمہ لوکل گورنمنٹ میں نا اہل اور بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائیاں تیز تر کر دی گئیں ہیں۔ سیکرٹری محکمہ بلدیات ڈاکٹر ارشاد کی نگرانی میں نااہل اور بدعنوان ملازمین کی لسٹیں تیار کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔ ایسی ہی شکایات کے نتیجے میں 2 زونل آفیسرز اور 7 بلڈنگ انسپیکٹرز کو پلاننگ ونگ سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔ بے دخل کیے جانے والے افسران کی خدمات فوری طور پر میونسپل کارپوریشن کے سپرد کر دی گئیں ہیں۔ محکمہ بلدیات کی پلاننگ ونگ سے بے دخل کیے گئے افسران میں علامہ اقبال زون کی اسسٹنٹ زونل آفیسر سمیرا چوہان اور واہگہ زون کی زونل آفیسر ارم الطاف شامل ہیں۔ دونوں خواتین افسران پلاننگ ونگ میں گریڈ 17 میں خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ پلاننگ ونگ سے بے دخل کیے جانے والے 7 بلڈنگ انسپکٹر واہگہ زون، نشتر زون، شالیمار زون اور عزیز بھٹی شہید زون میں خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ واہگہ زون کے بلڈنگ انسپیکٹرز علی شاہد اور ارسلان جمیل اور نشتر زون کے طارق سعید اور عصمت اللہ کی خدمات میونسپل کارپوریشن کے سپرد کر دی گئیں ہیں ۔

مزیدخبریں