پاکستان سے عوامی سطح کے تعلقات پر امریکی سفیر کا اظہار ِ اطمینان
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز مزار قائد پر حاضری دی‘ جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ امریکی سفیر نے مزار قائد پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری باعث فخر ہے۔ قائداعظم کی شخصیت سے بے حد متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری بڑی طاقت ہے۔ پاکستانی اکسیویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ امریکی سفارتخانے اور سندھ کے محکمہ سیاحت کی شراکت داری باعث فخر ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔ یہ خوش آئند امر ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ضرورت کا احساس کیا گیا ہے ۔ پاکستان تو پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے امریکہ ہی نہیں‘ دنیا کے ہر ملک کے ساتھ اچھے تعلقات کیلئے کوشاں رہا ہے جبکہ امریکہ کیساتھ جڑے تعلقات کو پاکستان نے ہمیشہ اہمیت دی ، بالخصوص نائن الیون کے بعد امریکہ کی شروع کی گئی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھی اس کا بھرپور ساتھ دیا جس کے نتیجہ میں پاکستان کو بدترین دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھاری معاشی اور جانی نقصان الگ اٹھانا پڑا۔اسکے باوجود پاکستان نے امریکی فرنٹ لائن اتحادی کا کردار نبھایا۔ یقیناً اسی تناظر میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکہ اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات کو بڑی طاقت قرار دیا ہے۔اب امید کی جاسکتی ہے کہ امریکہ اپنے مخلص دوست پاکستان کی مجبوریوں کا ادراک کریگا اور اسکی جانب سے پاکستان کے مفادات کا خیال بھی رکھا جائیگا۔ ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی سطح پر تعلقات بہتر رہے ہیں اور آئندہ بھی بہتری کی امید رکھی جا سکتی ہے۔