انتظار ختم: بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کی تیاریاں مکمل، وزیراعظم آج پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کا افتتاح کریں گے
پشاور : وزیراعظم عمران خان آج پشاور بس ریپڈٹرانزٹ ( بی آر ٹی ) کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق و زیراعظم عمران خان پشاوربی آرٹی منصوبہ کے افتتاح کے لئے آج ایک روزہ دورہ پر پشاور پہنچیں گے، وزیراعظم چمکنی اسٹیشن سے بی آر ٹی بس منصوبے کا افتتاح کرینگے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اوروفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے جبکہ گورنرخیبرپختون خوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ یہ منصوبہ خیبر پختون خوا کے واحد میٹرو پولیٹن شہر پشاور کے لیے معاشی سرگرمیوں اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کے لیے ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اس پراجیکٹ کےتحت چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک بسیں چلیں گی ،کرایہ 10سے 50 روپے تک ہوگا ۔ گزشتہ روز خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ محمودخان نے پشاورمیں اس منصوبے کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آرٹی پشاور کے اجراء سے صوبائی دارالحکومت کے عوام کو سستے کرائے پر معیاری سفری سہولت دستیاب ہوگی ۔ بی آرٹی منصوبہ ساڑھے 27 کلومیٹرطویل شاہراہ اوراس پرواقع 31 سٹیشنوں پرمشتمل ہے جس کے ذیلی روٹس کی لمبائی باسٹھ کلومیٹر ہے جن پر 146سٹاپ ہیں۔
یاد رہے کہ یہ میگا پراجیکٹ سابق وزیراعلی ٰ پرویز خٹک کے دور سے شروع ہوا ۔ یہ منصوبہ طویل عرصے سے تاخیر کا شکار تھا ۔ اکتوبر 2017 سے شروع ہونیوالے اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے تھا ۔ جس پر اب تک 68 ارب سے زائدرقم خرچ ہوچکی ہے ۔