دکھی انسانیت کی خدمت
مخلوق اﷲ کا کنبہ ہے۔ جو لوگ اﷲ کے کنبے کا خیال رکھتے ہیں اور انہیں پالنے میںمدد کرتے ہیں وہ یقیناً مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اﷲ کے نبی ؐ نے ایسے لوگوں کو اﷲ کا دوست قرار دیا ہے۔الخدمت فائونڈیشن پاکستان بھی درد دل رکھنے والے افراد کا ایسا ادارہ ہے۔ جو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب مخلوق خدا کی خد مت میں مصروف ہے۔ یہ ادارہ 1990 سے بطور رجسٹرڈ این جی او۔(NGO) کام کر رہا ہے۔ آج اس کا دائرہ کا ر ا ٓفات سے بچائو ،صحت، تعلیم، صاف پانی ،کفالت یتامیٰ ،قیدیوں کی بہبود واور دیگر سماجی خدمات تک پھیل چکا ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کو پاکستان میں خدمت خلق کی نمایاں تنظیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کا سب سے بڑا سرمایہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے ہزاروں رضاکارہیں جو نیک نیتی سے بے سہارا اور ضرورتمندوں کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہیں۔
پنجاب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کاسب سے بڑا صوبہ ہے ۔اسکی بڑی آبادی اب بھی بنیادی سہو لیات سے محروم ہے۔ الخدمت فائونڈیشن پنجاب نے انتہائی مستحق افراد کو زندگی کے مختلف دائروں میںدرکار سہولیات پہنچانے کی بساط بھر کوشش کی ہے۔ الخدمت نے انہیںسات بڑے شعبوں میںتقسیم کر کے ہفت رنگ سرگرمیاںیا خدمات کی قوس قزح کاعنوان دیا ہے۔ پنجاب الخدمت کاشعبہ آفا ت و حادثات سے بچائو (Disaster management cell) پہلے سے بہتر اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ اضلاع کی سطح پر قیام کے بعد رضاکاروں کو تربیت کے مراحل سے گزار رہا ہے تاکہ بے لوث خدمات کا مبارک سفر جاری رہے۔اپریل2012 اس شعبے نے میں بھو جا ائیر لائن حادثہ میں ہلاک ہونیوالے افراد کے لواحقین کیلئے راوالپنڈی میں خصوصی ڈیسک قائم کر کے خدمات فراہم کی گئیں۔ستمبر 2012میں مون سون کی بارشوں اور سیلابی نالوں نے جنوبی پنجاب کے 3اضلاع ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خاں میں بہت تباہ مچائی۔ آدھی رات کو ڈی جی خان اور راجن پور میں نہر وں اور نالوں کا پانی شہرمیں داخل ہونے پر الخدمت فائونڈیشن کے سینکڑوں رضا کارونں نے ایمبولینسز ، ویگنوں، ٹرالیوں اور دیگر دستیاب وسائل کے ساتھ 4605 افراد کو ریسکیو کیا۔ریلیف کیمپس میں 20دن تک لوگوں کو کھانا ، خشک راشن اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ راجن پور میں 550افراد کی خیمہ بستی قائم کی گئی۔ ڈی جی خان شہرکی شدید متاثرہ آبادی صدیق آباد میں 100گھروں کی تعمیر کا پراجیکٹ جاری ہے۔ سیلاب 2012 میںخدمات سے 65019 افراد مستفید ہوئے۔ مئی2013 میں جوزف کالونی بادامی باغ لاہور کے سانحے کی اطلاع ملتے ہی الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروںنے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔ متاثرین کیلئے خوراک و پانی کا بند و بست کیا بعد ازاں 118 خاندانوں میں NFI (نان فوڈآئیٹمز) کے پیکیجز جن میں کھانے کے برتن، ہائی جین کٹس، ضرورت زندگی کا دیگر سامان شامل تھا تقسیم کیے ۔
کسی بھی ریاست میں عام شہریوں کو صحت کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذ مہ د اری ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے شعبہ صحت کبھی بھی ہماری حکومتوں کی ترجیح میں نہیں رہا۔ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے الخدمت شعبہ صحت کے تحت 24ہسپتال،91مراکزِ صحت،45 ڈائیگناسٹک سینٹرز اور دور دراز علاقوں میں205 مفت میڈیکل کیمپس کے انعقاد، بالخصوص صوبے بھر میں پھیلے ہوئے ایمبولینس سروس نیٹ ورک جس میں 105 ایمبو لینسز شب و روز ہزاروں ہم وطنوں کی زندگی بچانے اور انکے پیاروں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے میں مصروف ہیں ۔ سال 2012 میں20 لاکھ افراد کو شعبہ صحت کے ذریعے خدمات فراہم کی گئیں۔
اقوام متحد ہ نے ترقی پذیر ممالک کیلئے لازمی کر رکھا ہے حکومتیں بجٹ کا کم ازکم 5%تعلیم پر خرچ کریں۔ لیکن پاکستان میں آنیوالی ہرحکومت نے تعلیم کو اپنی ذمہ داری سے نکال کر پرائیویٹ Sectorمیں منتقل کرنے کی پالیسی روا رکھی ہے۔ امرا ء کے بچے تو لاکھوں لگا کر ہر قسم کی تعلیم حاصل کرلیتے ہیں لیکن مہنگائی کے مارے شہریوں کیلئے معیاری تعلیم آج ایک خواب بن کے رہ گیاہے۔ الخدمت فائونڈیشن نے صوبہ پنجاب میں معیاری تعلیمی اداروں کے نیٹ ورک کا آغاز کر دیاہے۔ 11سکولز میں 4246 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں، 550بچوں کواعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دیئے گئے اور 4530بچوں کو سکول بیگ ، کتابیں اور سٹیشنری کی صورت میں تعلیمی مواد فرا ہم کیا گیا تاکہ قوم کی امیدوں کو پروان چڑھایا جاسکے۔
پانی زندگی ہے اور صاف پانی بہتر زندگی کی علامت ۔ پانی کی فراہمی پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کا اہم مسئلہ ہے ۔پاکستان میں 60% بچے پانی کی بیماریوں سے موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے اس اہم مسئلہ کو ۃفت رنگ سرگرمیوں میں شامل کر رکھاہے۔صحرائی علاقوں میں کنوئوںکی کھدائی، دیہاتوں میں ہینڈپمپس کی تنصیب اور بڑے شہروں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی مستقل فراہمی الخدمت فائونڈیشن کی نمایاں خدمت ہے۔
معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے لوگوں کی دلجوئی ، امداد اور بے گناہی ثابت کرنے کیلئے شعبہ ’’ قیدیوں کی بہبود ‘‘ کام کررہا ہے۔ اس شعبہ کے تحت ملک کی مختلف جیلوں میں صاف پانی اور بنیادی صحت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ قیدیوں کیلئے فنی تعلیم کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سال پنجاب کی 9 جیلوں اٹک، جہلم، منڈی بہاء الدین، سرگودھا ، شیخوپورہ، شاہ پور، وہاڑی ، راجن پور، رحیم یار خاں میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگوائے گئے جس سے 18000 قیدی مستفید ہو رہے ہیں ۔گزشتہ سال 50,000 روپے دیت کی ادائیگی سے 6 قیدیوں کو رہائی دلوائی گئی۔الخدمت فائونڈیشن لاکھوں خاندانوں اور کروڑوں زندگیوں میں شامل ہے۔ ملک میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے 21 فنی تعلیم کے مراکز کا قیام اور 250بلا سود چھوٹے چھوٹے قرضے قابل ذکر ہیں جبکہ 20,520 افرادکو قربانی کا گوشت، رمضان المبارک میں112540 افراد میں تقسیم مفت راشن، موسم سرما میں 5400 افراد کو کروڑوں روپے مالیت کی اشیاء کی تقسیم اور270 معذور افرد میں مفت وہیل چیئر کی فراہمی وہ خدمات ہیں جن کا ثمر لا تعداد دعائوں اور کروڑوں ہم وطنوں کی زندگیوں میں رونما تبدیلیوں کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔