پاک فوج وطن عزیز کے تحفظ کی پاسبان
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے جیو سٹریٹجک حالات اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل باجوہ نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ آئندہ محرم کے دوران سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
پاک فوج کی اولین ذمہ داری وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے۔ اس ذمہ داری سے فوج کبھی غافل نہیں رہی۔ دشمن کی جارحیت کی صورت میں اسے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا گیا جس کی مثالیں ایل او سی پر بھارت کی شرانگیزیوں کا جواب ہے۔ اس حوالے سے سب سے بڑا اور تاریخی جواب پاکستان کی حدود میں گھس آنیوالے بھارت کے دو فائٹر جہازوں کو مار گرانا ہے۔ پاک فوج کو ملک کے اندر دہشتگردوں کے ساتھ نبردآزما ہونے کا بھی چیلنج درپیش رہا۔ اس میں بھی فوج سرخرو ہوئی۔ پاک فوج جہاں جغرافیائی سرحدوں کا دفاع کر رہی ہے‘ وہیں کئی معاملات میں خارجہ امور پر نظر رکھے ہوئے اور اندرونی معاملات میں بھی عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ابھی ملک کے کچھ حصوں میں سیلاب کی چاپ سنائی دینے لگی ہے۔ پاک فوج کو اس حوالے سے تیار رہنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ کرونا کے حوالے بھی پاک فوج کو ذمہ داری دی گئی۔ وہ اس نے پوری کی۔ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے فوج کوشاں رہی اور اب محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے کور کمانڈرز کو ہدایت کر دی گئی ہے۔ یقینا پاک فوج ملک کے اندر اور باہر پاکستان کے تحفظ کی پاسبان ہے۔