ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کی توسیع اور تعمیرنو سے ملک کے ٹرین کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایک پرائیویٹ نیوز چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے مسافروں کو آرام دہ سفر فراہم کرنے کے علاوہ مسافروں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کو گزشتہ ایک سال کے عرصے کے دوران دس ارب روپے کی آمدن حاصل ہوئی ہے جبکہ مسافروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
موجودہ مہنگائی اور دیگر مسائل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سرکاری پیسے کے غلط استعمال کی وجہ سے لوگوں کو اقتصادی بحران کے علاوہ گیس اور توانائی کے شعبے میں وسائل کی کمی کا سامناہے۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ حکومت معیشت کو ترقی دینے کے علاوہ تمام اداروں کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔