بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت و کردار سازی پر بھی توجہ دی جائے
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) انجمن فیض الاسلام کے صدر محمد صدیق اکبر میاں نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر نو اور اسے بانیان پاکستان کے خوابوں کی تعبیر بنانے میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے جو نوجوان نسل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور تعلیم وتربیت دے کر انہیں ملک کی خدمت کیلئے تیار کر سکتے ہیں ۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب اساتذہ کرام کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے احساس کے ساتھ ساتھ یہ بھی علم ہو کہ انہو ںنے کس طرح بچوں کی تربیت کرنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی و فنی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام کے ساتھ تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارت اس ضمن میں نہایت اہمیت کی حامل ہے جس کیلئے انجمن فیض الاسلام ہر سال اپنے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام کی تربیت کا اہتمام کرتا ہے۔ اس موقع پر انجمن کے سنئیر نائب صدر ڈاکٹر ریاض احمد ، نائب صدر و قومی ترانہ فائونڈیشن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی ، انجمن کے جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، تعلیمی کمیٹی کی ناظمہ اظہار فاطمہ ، انجنئیر مظفر اقبال ، پروفیسر رفیق چوہان ، سکولوں و فنی تربیتی اداروں کے سربراہان غلام جیلانی ، میڈم مسرت شفیق ، نسیم نازنین ، محمد کامران اور انجمن کے عہدیداران و تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ محمد صدیق اکبر میاں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں میں حصول علم کا شوق پیدا کریں اور یہی ان کا بنیادی کام ہے جس کے بعد بچے پوری دلجمعی اور دلچسپی کے ساتھ حصول علم کی جانب راغب ہو جاتے ہیں اور اساتذہ کا باقی کام آسان ہو جاتا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت و کردار سازی پر بھی یکساں توجہ دی جائے اور بچوں کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے تمام مراحل سے کماحقہ آگاہ کرکے ان میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دیا جائے تاکہ قومی تعمیر نو میں زبان ، رنگ و نسل اور علاقے کی تخصیص سے بالاتر ہو کر تمام صوبوں کے لوگ برابر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں ۔ اس موقع پر اظہار فاطمہ نے بھی خطاب کیا اور انجمن کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام کی کارکردگی کو سراہا ۔ تقریب کے اختتام پر تربیت حاصل کرنے والے اور تدریسی امور میں اعلی کارکردگی کے حامل اساتذہ کو سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات بھی دئیے گئے ۔