یونان سے رضاکارانہ طورپر 17000پاکستانی وطن واپس لوٹ گئے
ایتھنز(این این آئی)یونانی پولیس نے بتایا ہے کہ یونان سے رضاکارانہ طورپر 17000پاکستانی وطن واپس لوٹ گئے اور ان میں سے تین ہزار کے قریب تارکین وطن نے پاکستان واپسی کے بعد اپنے اپنے کاروبار بھی کامیابی سے شروع کر لیے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں یونانی پولیس نے بتایاکہ رواں برس کے آغاز سے لے کر اب تک آٹھ ہزار سے زائد تارکین وطن یونان سے واپس اپنے اپنے وطنوں کی جانب لوٹ گئے جن میں سے اکثریت پاکستانی شہریوں کی تھی۔یونانی پولیس نے بتایا کہ صرف جولائی کے ایک مہینے کے دوران یونان سے اپنے وطنوں کے جانب لوٹنے والے تارکین وطن کی تعداد 841 تھی۔ جولائی میں واپس جانے والے افراد کی اکثریت کا تعلق پاکستان، عراق اور البانیا سے تھا۔ یونانی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھاکہ ان میں سے زیادہ تر تارکین وطن ایسے تھے جنہیں معلوم تھا کہ انہیں یورپی یونین کے رکن ممالک میں سیاسی پناہ نہیں مل سکتی، اس لیے وہ خود ہی رضاکارانہ طور پر واپس چلے گئے۔منصوبے کے آغاز سے لے کر جولائی سن 2018 تک اس منصوبے کے تحت وطن لوٹنے والے غیر ملکیوں کی مجموعی تعداد 43119 بنتی ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ تعداد پاکستانی شہریوں کی تھی۔