یوم آزادی کی تقریب آج رات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گی وزیراعظم مہمان خصوصی ہونگے
اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں+ خصوصی رپورٹر) یوم آزادی کی تقریب آج رات 10 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگی۔ وزیر اعظم نواز شریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، مہمانوںکو دعوت نامے بھجوا دئیے گئے۔ آرمی چیف سمیت مسلح افواج کے سربراہان بھی یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ مسلح افواج کے دستے مارچ پاسٹ اور فلائی مارچ میں حصہ لیں گے۔ پاکستان کا 68 واں یوم آزادی پرجوش طریقے سے منایا جائے گا جس کے لئے تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ گھروں، بازاروں، دفاتر میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم بہار دکھا رہے ہیں جبکہ عمارات پر چراغاں کیا جائے گا۔ پرچم کشائی کی تقریب کیلئے دو سو فٹ اونچا پرچم ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا سے تیار ہو کر متعلقہ سائٹ پر پہنچا دیا گیا۔ ملک بھر میں اہم مقامات پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔ کراچی میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور شہری اپنے گھروں اور محلوںکو سجانے کے علاوہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر پاکستانی پرچم لگا رہے ہیں، جشن آزادی کے حوالے سے تقریباً دو کروڑ سے زائد مختلف سائز کے پرچم تیار کئے گئے ہیں۔ 13 اور 14اگست کی درمیانی شب ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ کیلئے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی ریہرسل‘ پارلیمنٹ کے در و دیوار لڑاکا طیاروں کی گھن گرج سے دہل گئے‘ آزادی پریڈ کیلئے جب ریہرسل ہوئی تو اس وقت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس جاری تھے طیاروں کی گھن گرج سے پارلیمنٹ ہائوس کے در و دیوار دہل گئے اور صحافیوں سمیت پارلیمنٹرین اور سرکاری ملازمین ریہرسل دیکھنے کیلئے باہر نکل آئے۔ 14 اگست کو ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ حکومت نے تمام بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اور تمام شہروں میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔