یوم آزادی پاکستان کو مزید مستحکم کرنے کا تقاضا کرتا ہے: صدر ممنون
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی یکجہتی اور معاشرے میں رواداری کو فروغ دیکر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کی اشد ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کی قوت سے ہی ہم ہر مشکل پر قابو اور ہر چیلنج کا مقابلہ اوروطن عزیز کو قائد اعظم کی امنگوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں‘ جمہوری حکومت عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ یومِ آزادی ہم سے پاکستان کو مزید مستحکم اور خوشحال بنانے کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں 68ویں یوم آزادی کی مناسب سے پاکستان ٹیلی ویژن کے خصوصی شو ’’سلام پاکستان‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وفاقی وزرائ‘ ارکان پارلیمان‘ سفیران اور دیگر نے شرکت کی۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیںعلاقائی، صوبائی، مذہبی، لسانی، نسلی اور دیگر ایسے حوالوں سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی صورت دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو بحال رکھنا ہے۔ قومی وحدت اور اتحاد کی آج اشد ضرورت ہے۔ یہی وہ قوت ہے جس کے ذریعے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور وطنِ عزیز کو قائدِاعظم کی سوچ اور امنگوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ ہمیں پاکستان کو رجعت پسندانہ رجحانات سے نجات دلانی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ میںنہایت اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کا قیام محض ایک خطۂ زمین کا حصول نہیں تھا بلکہ یہ ایک ایسی آزاد مملکت کاحصول تھا جہاں آئین، قانون اور جمہوریت کی بالا دستی ہو۔ ہم نے جمہوریت کے استحکام اور اس کی مضبوطی اور پختگی میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہم جشن آزادی ایسے حالات میں منا رہے ہیں جب ہماری بہادر مسلح افواج ایک بے چہرہ دشمن سے برسرپیکار ہیں۔ آپریشن ضرب عضب پاکستان کی بقا ء کے لئے ہمارے پختہ عزم کا اظہار ہے۔ ہمارے جوان اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے آزادی کے چراغوں کو روشن کر رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ آج جہاں ہم تحریک پاکستان کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں وہاں وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے شہدا ء کی لازوال قربانیوں کو بھی انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر نے ’’سلام پاکستان‘‘ کی اس تقریب کی وساطت سے پوری قوم کو جشن آزادی کے پر مسرت لمحات پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان آنے والے برسوں میں ایک ترقی یافتہ مملکت کی معراج حاصل کرے۔