مقبوضہ کشمیر: مودی کے دورے سے قبل بھارتی فوجیوں پر حملہ،7 زخمی، شیخ عبدالعزیز کی برسی پر ہڑتال
سرینگر (آن لائن+ کے پی آئی) شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کی چھٹی برسی پر مرحوم کے آبائی قصبہ پانپورمیں مکمل ہڑتال رہی۔ 2008 کو دیرینہ ساتھی شبیراحمد شاہ کے ہمراہ بارہمولہ سے مظفرآبادکی جانب ایک عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے پیپلزلیگ چیئرمین شیخ عبدالعزیزچہل بونیاراوڑی کے نزدیک کئی دیگرلوگوں سمیت گولیوں کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوئے اور اس کو نازک حالت میں صدر اسپتال سرینگر پہنچایا گیا لیکن ڈاکٹروں کی انتھک کوششوں کے باوجودشیخ عزیززخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ ادھر منگل کو شوپیاں میں بھی ہڑتال رہی حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شوپیاں میں پولیس کی طرف سے مبینہ طور تحریک اور عوام دشمن کارروائیوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شوپیاں ضلع میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندرشکھیررائو کی بیٹی اور موجودہ ممبر پارلیمنٹ کے کویتا کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ کے کویتا نے گذشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیا تھا۔ پولیس نے تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کی بیٹی کے خلاف ملک دشمنی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونیوالے مذاکراتی عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی مذاکراتی عمل کی کامیابی مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ۔ سید علی گیلانی نے یومِ آزادی پاکستان کے موقعے پر پاکستانی عوام، حکومت اور افواج پاکستان کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کشمیری قوم کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنے کی وجہ سے ہمارا پسندیدہ اور محسن ملک ہے