لانگ مارچ سے ملک ترقی نہیں کرتا: وزیراعظم آزاد کشمیر‘ مودی کے دورے کی مذمت
میرپور (آئی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے بھارتی وزیراعظم مودی کے دورہ مقبوضہ لداخ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں۔ ریاستی وسائل پر بھارت پرکوئی حق نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہونا باقی ہے۔ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے بعد اب سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھی جارحیت شروع کردی ہے جو قابل مذمت ہے۔ قوم پاک فوج کو اندرونی وبیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اسکے ہاتھ مزید مضبوط کرے۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا دورہ لداخ ریاستی وسائل پرڈاکہ ڈالنے کیلئے ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت سازش کے ذریعے پاکستان کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور جموںوکشمیر کے متنازعہ علاقے میں دریائوں پر ڈیم تعمیرکررہا ہے۔ لانگ مارچ اور احتجاجی دھرنوں سے ملک ترقی نہیں کرتا۔