صدر گوگیرہ: غربت سے تنگ باپ5 بچوں سمیت راوی میں کود گیا، لیاقت پور میں ماں نے2 بچوں کو لیکر نہر میں چلھانک لگا دی
صدر گوگیرہ+ دیپالپور+ لیاقت پور (نامہ نگاران + این این آئی) غربت سے تنگ اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ سنگدل باپ نے اپنے 5بچوں کو نشہ آور چیز کھلا کر دریائے راوی پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی۔ دریا میں ڈوبنے والے شخص اور اس کے بچوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری، تاحال ڈوبنے والوں کی نعشوں کو دریا سے نکالا نہیں جا سکا۔ تفصیلات کے مطابق عبداللہ ٹائون کا رہائشی ہاشم نامی شخص غربت اور گھریلو حالات کے باعث پریشان تھا۔ گذشتہ روز اس نے اپنے پانچ بچوں 16 سالہ فرزانہ، 14 سالہ سمیرا، 7 سالہ کنیز،6 سالہ قاسم اور 5 سالہ عظمیٰ کو ٹیوشن اکیڈمی سے لیا اور واپس گھر جانے کے بجائے انکو گوگیرہ کے علاقہ ٹھٹھہ بیگ کے مقام پر دریائے راوی کے کنارے لے آیا۔ اس دوران اس نے اپنے بچوں کو نشہ آور مشروب پلا دیا جب بچے بیہوش ہو گئے تو اس نے ایک ایک کر کے تمام بچوں کو دریائے روای میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی۔ اس دوران مقامی راہگیروں نے دریا کنارے پڑے جوتے، کتابیں اور دیگر سامان دیکھ کر مقامی پولیس کو اطلاع کی۔ پولیس نے کتابوں پر لکھے سکول ایڈریس پر رابطے کے ذریعے اس کے ورثاء کو اطلاع کی۔ ورثاء نے کتابیں اور جوتے دیکھ کر شناخت کر لیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او بابر بخت قریشی خود موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے ڈوبنے والے لڑکے قاسم کی نعش کو ہڑپہ کے قریب سے نکال لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش کا کام جاری تھا۔ ڈی پی او اوکاڑہ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کا کوئی آفیسر موقع پر نہ پہنچا ہاشم کے ورثاء کے مطابق مسلسل پر یشانی کے باعث اس کا ذہنی توازن خراب ہوچکا تھا۔ ادھر رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں چک 49 عباسیہ کے رہائشی ٹرالہ ڈرائیور عباس علی کی بیوی 35 سالہ شکیلہ بی بی نے غربت اور جھگڑوں کے باعث اپنے بچوں 5 سالہ محمد الیاس اور 3 سالہ ممبرہ کو نہر 3 آر عباسیہ میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی جبکہ سات سالہ بیٹی مہک ماں سے اپنا ہاتھ چھڑا کر بھاگ نکلی۔ ریسکیو اہلکاروں نے غوطہ خوروں کے ہمراہ آپریشن کرکے تینوں ماں بچوں کی نعشوں کو نہر سے نکال لیا۔