ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ سکیم جاری، 7622 پولنگ سٹیشن قائم
اسلام آباد (خبرنگار) الیکشن کمشن نے 22اگست کو ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ سکیم جاری کردی ہے جس کے مطابق قومی کے 16 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں میں مجموعی طور پر 7622 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جن میں 1657 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 1987 کو حساس قرار دیدیا گیا ہے۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 7اور صوبائی کے 15 حلقوں میں 3861 پولنگ سٹیشن ہیں جن میں سے 724 حساس جبکہ 297 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، سندھ میں قومی کے 3 اور صوبائی کے 4 حلقوں میں 1184 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں کراچی کے تینوں حلقے حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ 365 حساس اور 819 انتہائی حساس ہیں۔ خیبر پی کے کے 5 قومی اور 4 صوبائی کے حلقوں میں 2209 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ 784 حساس 345 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ بلوچستان کے 1 قومی اور 3 صوبائی حلقوں میں 368 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، 114 حساس 196 انتہائی حساس ہیں۔ علاوہ ازیںالیکشن کمشن نے حلقہ این اے 48 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو آج طلب کرلیا ہے۔ این اے 48 کے ضمنی انتخابات میں 22 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انجم عقیل نے الیکشن کمشن میں درخواست دائر کی ہے کہ انہوں نے اپنے نامزدگی پیپرز واپس نہیں لئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ الیکشن کمشن نے ضمنی انتخاب کیلئے پریزائیڈنگ افسروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیدیئے ہیں۔ اختیارات 21 سے 23اگست تک رہیں گے۔