پچھلے ساڑھے چار برس کے دوران شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیکر صوبے میں کرپشن کا خاتمہ کیا: شہبازشریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ نیت درست ہو تو بڑے فیصلے کرنے آسان ہوجاتے ہیں۔ سیاسی قیادت پرعزم اور جذبہ خدمت سے سرشار ہو تو عوامی مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں، سابق ادوار میں ترقیاتی پروگراموں میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی اور عوام کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا گیا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پچھلے ساڑھے چار برس کے دوران شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیکر صوبے میں کرپشن کا خاتمہ کیاہے، مفادعامہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد ہونا چاہیے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کےا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یوتھ کے لئے شروع کئے گئے انقلابی پروگرامز کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔ رواں سال بھی گرین ٹریکٹر سکیم، لیپ ٹاپ، خود روزگار سکیم، کالجز کے لئے بسوں کی فراہمی، سولرپینل اور بائیوگیس پائلٹ پراجیکٹ جیسے پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے یوتھ کے لئے شروع کردہ پروگرامز کی دیگر صوبے بھی تقلیدکررہے ہیں جو نوجوانوںکے لئے پنجاب حکومت کے جاری کامیاب پروگراموں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ وزیراعلیٰ نے اربوں روپے سے شروع کئے گئے یوتھ پروگرامز پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں شروع کردہ یوتھ پروگرامز پر جلد سے جلد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ چار ارب روپے کی لاگت سے گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 20ہزار ٹریکٹر تقسیم کئے جائیں گے اور ہر ٹریکٹر پر 2لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹریکٹروں کی بروقت فراہمی کے لئے مینوفیکچررز کمپنیوں سے بات کی جائے اور قرعہ اندازی کے ساتھ کامیاب درخواست دہندہ کو اونرشپ لیٹر بھی دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیزر لیولر کی تقسیم کا کام بھی اگلے ماہ شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ طلبا و طالبات میں ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے اور ایوننگ کلاسز کے طلبا وطالبات کو بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لیپ ٹاپ جدید ماڈل کے ہونے چاہئیں اورمدارس و فنی تعلیم کے اداروں کے طلبا وطالبات کو بھی اس سکیم میں شامل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ 2ارب روپے کی خطیر رقم سے سولر ہوم پینل فراہم کئے جائیں گے جبکہ ایک ارب روپے کی لاگت سے ہنر مند خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی جائیں گی ۔ بائیو گیس کا پائلٹ پراجیکٹ بھی جلد کام شروع کردےگا، پنجاب بھر میں کالجوں کے لئے 200بسیں فراہم کی جارہی ہیںاور اکتوبر میں کالجز کو بسوں کی فراہمی شروع کردی جائےگی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کےلئے 1200بسیں خریدی جارہی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پسماندہ اور غریب علاقوں کے رہائشیوں کےلئے خصوصی بسیں چلانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ روزگار سکیم کے تحت 2ارب روپے کی لاگت سے بلاسود چھوٹے قرضہ جات تقسیم کئے جارہے ہیں۔ مساجد ، امام بارگاہوں اور چرچ کے ذریعے قرضوں کی تقسیم کا عمل خوش آئند ہے جبکہ قرضوں کی واپسی کی شرح 99فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ نے عتیق سٹیڈیم میں کھڑے پانی کا سخت نوٹس لے لیا۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری پانی کو ختم کریں۔