بھارتی دہشت گردی اور پاکستان

 بھارت کا مکروہ چہرہ ایک مرتبہ پھر دنیا کیسامنے بے نقاب ہوگیا ، برطانوی اخبار گاڈین نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستانی سرزمین پر 20 افراد کے قتل میں براہ راست ملوث ہے۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی را نے 2019ء کے بعد سے قومی سلامتی کے نام پر مبینہ طور پر بیرون ملک قتل کرنا شروع کئے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی تفتیش کاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان اموات کی منصوبہ بندی را کے سلیپر سیلز نے کی جو کسی دوسرے ملک سے کام کر رہے تھے، 2023ء میں اموات میں اضافے کی وجہ انہی سلیپرزسیلز کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کوسمجھا جاتا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ مقامی مجرموں یا غریب پاکستانیوں کو قتل کے لیے لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں ، برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق را‘ کو براہ راست وزیراعظم نریندر مودی کا آفس کنٹرول کرتا ہے، انٹیلی جنس اہلکاروں سے گفتگو سے ان الزامات کو تقویت ملتی ہے کہ بھارت نے ایک ایسی پالیسی پر عملدرآمد کیا ہے جس کے تحت وہ ایسی شخصیات کو بیرون ملک ٹارگٹ کر رہا ہے جسے وہ بھارت کا دشمن سمجھتا ہے(اس میں عام شہری بھی شامل ہیں جو کسی طرح کی مجرمانہ یا دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں)،برطانوی اخبار کی اس رپورٹ پرردعمل دیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نیاعتراف جرم کرلیا ہے اور وہ اپنی اس دہشتگردی پر شرمندہ ہونے کی بجائے پھولے نہیں ںسما رہے،
زمینی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نیٹ ورک صرف پاکستان تک محدود نہیں ہے، کینڈا اورامریکہ میں سکھ علیحدگی پسندرہنمائوں کے قتل میں بھی براہ راست بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر تو امریکہ نے بھی بھارت کو ذمہ دار قرار دیا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت طاقت کے نشے میں عالمی طاقتوں کو بھی خاطر میں نہیں لا رہا۔ اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد ایک عام پاکستانی کے ذہن میں یہ سوال ضرور پیدا ہوا کہ بھارتی وزیردفاع کے اعتراف جرم کے بعد کیاعالمی برادری بھارت کا محاسبہ کرے گی، کیا عالمی طاقتیں بھارت سے سوال کریں  گی کہ وہ کیوں پاکستان،  امریکہ اور کینیڈا میں عام شہریوں کے قتل میں ملوث ہے اور یہ قتل کس کے کہنے پر کئے گئے۔
اس رپورٹ کے بعد بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اعتراف جرم بھی کر لیا ہے اور اس کے ساتھ پاکستان میں گھس کر مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔لیکن بھارتی وزیر دفاع شاید 27 فروری 2019ء کو بھول چکے ہیں جب بھارت نے پاکستان میں گھس کر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی تھی تو تب پاک فضائیہ نے نہ صرف مودی سرکار کا پاکستان میں گھس کر کارروائی کا خواب چکنا چور کیا بلکہ بھارت کے دو جہاز مار گرائے اور بھارتی جہاز ابھینندن کو گرفتار کر لیا جو پاکستانی سرزمین پر برے ارادے سے آیا تھا۔بھارتی وزیر دفاع کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ جب بھی بھارت نے ناپاک ارادے سے پاکستان میں کوئی کارروائی کرنا چاہی تو پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ بھارت کو دھول چٹائی ہے اور بھارت کو ہمیشہ اپنے برے ارادوں میں منہ کی کھانا پڑی ہے۔برطانوی اخبار کی یہ رپورٹ بتاتی ہے کہ بھارت اربوں ڈالر کا اسلحہ جمع کرنے کے باوجود ناکام ہو چکا ہے اور اب کرائے کے قاتلوں کے ذریعے لوگوں کو قتل کرانے کی کارروائیوں میں ملوث ہو چکا ہے جو بھارتی ناکامی کا بہت بڑا ثبوت ہے جس کا اقرار راج ناتھ سنگھ نے بھی کر لیا ہے۔ عام شہریوں کو کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کرانا کسی مجرم یا جرائم پیشہ شخص کا کام تو ہو سکتا ہے کسی ریاست کا یا حکومت کا اس طرح کے کاموں میں ملوث ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ریاست یا حکومت اس وقت مجرمانہ ذہنیت رکھنے والوں کے ہاتھوں کھیل رہی ہے جو وہ ایک مجرموں والے کام کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔دوسری طرف عالمی دنیا کو بھی اب اپنی آنکھیں کھولنی چاہئے کیونکہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ اور انڈیا میں بھی سکھ رہنماؤں کو کرائے کے قاتلوں سے قتل کروا چکا ہے۔مودی سرکار اس وقت عالمی امن اور بھائی چارے کیلئے خطرہ بن چکی ہے جس کا تدارک کرنا انتہائی ضروری ہے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ اور پھر راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان کے وہ دوسرے ممالک میں گھس کر کارروائی کریں گے اس بات کا واضح ثبوت ہے بھارتی ریاست ایک دہشت گرد ریاست کا روپ دھار چکی ہے اور مودی سرکار پاک دشمنی میں اس حد تک اندھی ہو چکی ہے کہ وہ اس کیلئے عالمی قوانین کو بھی کسی خاطر میں لانے کو تیار نہیں۔لیکن مودی سرکار بار بار یہ بات بھول جاتی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور اس کی خفیہ فورسز ہمہ وقت چوکس ہیں اور وہ نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کرنا بھی خوب جانتے ہیں بلکہ عام شہریوں پر بھی کوئی آنچ آئے تو اس پر بھی وہ ایکشن لینا جانتی ہیں اور اس رپورٹ سے قبل کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی حفاظت کیلئے ہمیشہ سے چوکنا ہیں،  راج ناتھ سنگھ کو اگر اتنا ہی پاکستان میں گھس کر مارنے کا یا کارروائی کا شوق ہے تو وہ بھی پورا کر لیں انشا اللہ پاکستانی مسلح افواج بری، بحری اور فضائی حدود کی حفاظت میں ہر وقت چوکنا ہیں بلکہ کسی بھی گھس بیٹھنے کو سبق سکھانے کیلئے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن