عطائیوں اور غیر قانونی میڈیکل سٹورز چلانے والوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈائون کا حکم
خانیوال (نمائندہ نوائے وقت )ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ عطائی او رغیر قانونی میڈیکل سٹورز پر ادویات فروخت کرنیوالے انسانی جانوں کے کھلے دشمن ہیں جن کے خلاف ڈرگ انسپکٹرز گھیرا مزید تنگ کریں اور کاروائی کے دوران کسی قسم کا بائو قبول نہ کریں ۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو ان کی صدارت میں ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک ‘سیکرٹری بورڈ میڈ م انیلہ سمیت ضلع بھر کے ڈرگ انسپکٹروں و دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ ماہ مارچ 2018میں عطائیوں اور بلا لائسنس میڈیکل سٹور ز چلانے والوں کے 51کیسز رجسٹرڈ ہوئے ۔کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلا س میں 27کیسز کی سماعت کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر نے سماعت کیے جانیوالے کسیز میں سے 9کو قابل جرم پاتے ہوئے ڈرگ کورٹ بھجوانے کے احکامات صادر کیے جبکہ 12کیسز میں وارننگ اور 21کیسز کو آئندہ اجلاس تک کے لیے زیر التواء رکھا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہاکہ عطائیوںاور غیر قانونی میڈیکل سٹورز چلانے والوں کے خلاف کریکٹ ڈائون بلاامتیاز جاری رہیگا ۔