سی پیک منصوبے میں مقامی تاجروں کو چائنز کے برابر مراعات دی جائیں: عرفان یوسف
لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین چوہدری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں میں مقامی بزنس کمیونٹی کو بھی وہی سہولیات دی جائیں جو چائنزکو دی جا رہی ہیں۔ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا نظام بہت پیچیدہ ہے اس کو آسان بنایا جائے، ٹیکسیشن بزنس فرینڈلی بنانا ہو گی۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس کی درجہ بندی کو بہتر کیا جائے۔ٹیکس ریفینڈکو یقینی بنایا جائے، ٹیکس دہندگان کیلئے ٹیکس فارم کو سادہ بنایا جائے۔حکومت کو معاشی صورتحال بہتر کرنے کیلئے بجٹ خسارے پر قابو پانا ہوگا،یہ تمام خرابیوں کی جڑ ہے،ٹیکس اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امرکا اظہار وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان اورچیئرمین ایف بی آرطارق محمود پاشا سے ملاقات کے موقع پر بجٹ تجاویز دیتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ قومی شناختی کارڈ نمبر کو این ٹی این کا درجہ دینا کاروباری برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹیکس اصلاحات کو مزید بہتر بنانے کے لیے بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کا فوری طور پر خاتمہ کردے کیونکہ اس ٹیکس کی وجہ سے تاجر پریشان اور مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔