جسمانی و ذہنی ورزش کے مثبت اثرات ڈی این اے کے ذریعے بچوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں: تحقیق
برلن( بی بی سی) سائنس دانوں نے کہا ہے کہ جسمانی اور ذہنی ورزش نہ صرف ہمارے دماغ کے لئے بہت اچھی ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات بچوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ چوہوں پر کی جانے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ ورزش سے حاصل ہونے والے فوائد ڈی این اے کے ذریعے اگلی نسل تک منتقل ہو گئے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ 50برس سے اوپر کی عمر والے لوگوں میں ورزش کرنے سے اور ذہنی آزمائش کے کھیلوں اور مشقوں میں حصہ لینے سے ڈیمینشیا اور ایلزائمر جیسی بیماریوں کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ جرمن سینٹر فار نیورو ڈیجنر یٹیو ڈیزیزز ( ڈی زیڈ این ای) کے سائنس دانوں نے چوہوں کو ایسا ماحول دیا جس میں انہیں ورزش کے مواقع حاصل تھے ‘ تو معلوم ہوا کہ ان کے بچوں کو بھی اس کا فائدہ پہنچا۔ ان چوہوں کے بچوں پر جب تجربات کیے تو پتہ چلا کہ دونوں چوہوں کے مقابلے پر ان میں سیکھنے کی صلاحیت زیادہ تھی۔