جمعرات کو قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس منعقد ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس کا اجلاس سوا تین گھنٹے تک جاری رہا جب کہ سینیٹ کا اجلاس پونے دو گھنٹے تک ہی جاری رہا دونوں ایوانوں میں ارکان کی حاضری مایوس کن رہی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس معمول کے مطابق منعقد ہوا تاہم سینٹ کا اجلاس اس لحاظ سے غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا کہ پہلی بار چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اپنے آپ کو منوایا اور بار بار قائد حزب اختلاف کے مشوروں کو نظر انداز کر ان کی سرزنش سے بھی گریز نہیں کیا اپوزیشن نے اپنی خفت مٹانے کے لئے دو بار واک آئوٹ کر کے اپنے وجود کا احساس دلایا اور دو بار کورم کی نشاندہی کر کے سینٹ کا اجلاس ملتوی کرا دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے میاں رضا ربانی کی چیئرمین شپ کے دوران اپوزیشن کورم کی نشاندہی کرنے سے گریز کرتی تھی شیری رحمنٰ نے چیئرمین سینٹ کو اجلاس چلانے کا طریقہ بتانے لگیں تو چیئرمین نے زیر لب مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے اجلاس چلانا آتا آپ میرے فیصلے کو تسلیم کریں جس پر وہ چیئرمین کے رویہ کے خلاف اپوزیشن کو لے کر واک آئوٹ کر دیا جب وہ شیری رحمٰن واک آئوٹ کر کے جانے لگیں تو چیئرمین نے سنجیدگی سے ریمارکس دئیے کہ اپوزیشن واک آئوٹ کر رہی ہے کوئی بات نہیں لوٹ کر واپس آجائے گی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے طعنہ دیا اور کہا ’’اور چوپو اور بھگتو‘‘ اس جملے پر پیپلز پارٹی کے ارکان کو سانپ سونگ گیا اور وہ منہ لٹکائے بغیر کسی شرط اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے مشاہد اللہ خان نے آن دی ریکارڈ بھی اپنے جملے دہرائے۔ دونوں بار نوجوان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے نشاندہی کی کورم کی نشاندہی پر حکومت نے پریشانی کا اظہار نہیں کیا یہ بات قابل ذکر ہے یہ تمام صورت حال 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کے بارے میں کابینہ ڈویژن کے متنازعہ خط سے متعلق سسی پلیجو کی تحریک التوا مسترد ہونے پر پیدا ہوئی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تھرڈ پارٹی کی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ لاہور میں بجلی کی چوری پیسکو، کیسکو، حیسکو سے زیادہ ہے، لاہور میں 85فیصد بجلی انڈسٹریل اور کمرشل اور 15فیصد ڈومیسٹک میں استعمال ہوتی ہے جبکہ پشاور، کوئٹہ اور اندرون سندھ میں 89فیصد ڈومیسٹک استعمال ہوتی ہے، ہمیں سچ بولنا چاہیے۔ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم )پاکستان کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کیخلاف ستارہ امتیاز واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ستارہ امتیاز پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے کے اعتراف میں دیا گیا، جن لوگوں نے کبھی ٹیکس نہیں دیا ان کیلئے ایمنسٹی سکیم جاری کی جا رہی ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024