چیئرمین پمرا کی تعیناتی کا طریقہ کار میرٹ کے مطابق وضع کیا جائے‘ سپریم کورٹ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان میں میڈیا کمیشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا طریقہ کار میرٹ کے مطابق وضع کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم فواد حسن فواد سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا فواد صاحب آپ کیسے ہیں،چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ابھی تک وہیں پہ ہیں ؟ ، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ہم چاہتے ہی کہ پیمرا آزاد ہو ،ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ میڈیا کمیشن تجاویز معاملے پر ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کا کیا کام ہے، فواد حسن فواد نے عدالت کو بتایا کہ سکینگ کمیٹی میں میڈیا کے افراد کو شامل کرنے کا کہا تھا،اگر آپ سرچ کمیٹی کی بات کررہے ہیں تو ان کا بھی جائزہ لے لیتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایک سابق چیئرمین ایف بی آر معین صاحب آئے تھے ،اہل لوگوں کو کمیٹی میں لگائیں ، اس موقع پر جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ بعض اوقات ایسے بھی ہوتا ہے قابل لوگ نوکری کے لئے درخواست نہیں دیتے،اس موقع پر فواد حسن فواد نے کہا کہ سرچ کمیٹی نے درخواستیں دائر کرنے والوںکی اہلیت کو جانچنا ہے،اسد کھرل نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پیمرا کے لئے ماسٹر ڈگری کی شرط اچھی ہے ، چیف جسٹس نے کہا کہ چیئرمین اس کوبنائیں جو حقدار ہو۔