نیب راولپنڈی نے مضاربہ سکینڈل کے تین ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی نے مضاربہ اسکینڈل کے تین ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی،یہ ریفرنس ملزمان عبدالحمید، عزیر شاہ اور محمد یاسین کے خلاف دائر کیے جائیں گے۔نیب اعلامیہ کے مطابق جمعرات کوڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی کی زیر صدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا،اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی،ڈائریکٹرز،کیس آفیسرز،لیگل کنسلٹنٹس اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ نے مضاربہ اسکینڈل کے تین ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی،پہلا ریفرنس ملزم عبدالحمید کے خلاف دائر کیا جائے گا،ملزم عبدالحمید پر چار سو ملین روپے کی کرپشن کا الزام ہے،دوسرا ریفرنس ملزم عزیر شاہ کے خلاف دائر کیا جائے گا،ملزم عزیر شاہ نے دو سو بہتر ملین روپے سے زائد کی کرپشن کی،تیسرا ریفرنس ملزم محمد یاسین کے خلاف دائر کیا جائے گا،ملزمان نے عوام سے دھوکہ لے کر رقم بٹوری۔