معراج کی رات اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو قدرت کاملہ کا مشاہدہ کرایا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے معراج النبی ﷺ کے مقدس و مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معراج کی رات اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفی ﷺ کو اپنی قدرت کاملہ کا مشاہدہ کروایا۔معراج میں حضور اکرم ﷺ کو قیامت تک ہونیوالے تمام واقعات کا علم عطا ہوا۔معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم بھی کرتا ہے۔معجزات رسول اکرم ﷺ کے باب میں خود قرآن بھی حضور ﷺ کا ایک دائمی اور ابدی معجزہ ہے۔واقعہ معراج اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں۔معجزہ کی حقیقت سے انکار کرنے والے ابو جہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کے لقب سے جانے گئے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معجزات سے اللہ کریم اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے، اللہ نے امت مسلمہ کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعویٰ نبوت کی صداقت کے لیے انہیں معجزات سے نوازا۔ واقعہ معراج کا تعلق ایمان،ایقان اور وجدان سے ہے۔