نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کا افتتاح رواں ہفتے ہو گا
لاہور (خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کے مکمل سیکشنز کا اسی ہفتہ افتتاح ہو جائے گا اور اس کے ساتھ ہی گریٹر اقبال پارک میں بنائی گئی خوبصورت و دیدہ زیب بوٹنگ جھیل کا بھی افتتاح کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ و آسکر ایوارڈ ونر شرمین عبید چنائے کی سرپرستی میں سٹیزن آرکائیو آف پاکستان کی ٹیم نہایت انہماک سے نیشنل ہسٹری میوزیم کو ترتیب دے رہی ہے۔ تاریخ کا مظہر نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کی فیز II کا سب سے اہم اور میگاپراجیکٹ ہے جو کہ بین الاقوامی معیاروں کے مطابق پاکستان کی تاریخ کے ہر موڑ اور منظر کو ڈیجیٹلی پیش کرے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدا ﷲ خان سنبل نے گریٹر اقبال پا رک میں زیر تعمیر منفرد و تاریخی نیشنل ہسٹری میوزیم کی تعمیر کے حوالے سے تکنیکی کاموں کے معیار اور ڈیزائن کے مطابق تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا اور انہوں نے مینار پاکستان سے تھوڑے سے فاصلے پر واقع بوٹنگ جھیل کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ میوزیم کی انٹیلی جنٹ ڈیجیٹل دیواریں اور اس کے مختلف حصے تحریک و قیام پاکستان اور آج کے پاکستان کو پیش کریں گی۔