سی بی اے یونین اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے درمیان مذاکرات
لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین سی بی اے کی کال پر پنجاب بھر سے محنت کشوں کے پنجاب سول سیکرٹریٹ کے گھیرائو اور دھرنے پر ایڈیشنل جیف سیکرٹری پنجاب عمررسول سے مذآاکرات کے لئے سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں سی بی اے یونین کی طرف سے ملی لیبر فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل احسان چودھری، پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے مرکزی صدر ملک افتخار، جنرل سیکرٹری یونس، مرکزی نائب صدر محبوب عالم اور شاہد نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل سٹاف کی اپ گریڈیشن، کنٹریکٹ، ورک چارج ملازمین مستقل کرنے کے مطالبات پر پیپر ورک مکمل کرنے کا فیصلہ ہوا تاکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے 13 اپریل کو 11 بجے کمیٹی روم پنجاب سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹری مواصلات وتعمیرات، سیکرٹری اری گیشن، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ریگولیشن کی میٹنگ میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے وزیراعلی کو پیش کیا جا سکے۔ سی بی اے یونین کے نمائندوں نے واضح کیا کہ ان کے مطالبات کو طے شدہ شیڈول وطریق کار کے مطابق بروقت منظور کرنے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے ساتھ وعدے کے مطابق مطالبات کی منظوری ہی ادارے میں امن و خوشگوار صنعتی ماحول کی ضمانت ہو سکتی ہے۔