پاکستان میں امریکہ سے درآمد زہریلے بیجوں کی خرید و فروخت کا معاملہ، دائر آئینی پٹیشن کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں امریکہ سے درآمد ہونے والے فصلوں کے زہریلے بیجوں کی خریدوفروخت اور درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں دائرآئینی پٹیشن کی جلد سماعت کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔ متفرق درخواست وطن پارٹی کے برسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ فصلوں کے لئے امریکہ سے درآمد کئے جانے والے بیجوں پر زہریلے کیمیکل پاکستانیوں کی صحت کی بربادی اور زرخیز زمینوں کو بنجر کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت امریکہ سے برآمد ہونے والے فصلوں کے زہریلے بیجوں کی خریدوفروخت اور درآمد پر پابندی عائد کرنے کے احکامات صادر کرئے۔ متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر اس کیس کی جلد سماعت کی جائے۔