مانگا منڈی: 7 سالہ بچی سے دکاندار کی زیادتی کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
ما نگا منڈی(نامہ نگار) قصور کے بعد مانگامنڈی کے علاقعہ موضع باٹھ گاؤں میں ایک اور بچی درندگی سے بچ گئی۔ گاؤں باٹھ میں 45 سالہ درندہ صفت انسان اشرف نے 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی۔ چہارم جماعت کی طالبہ ماریہ گھر سے نلکی خریدنے اشرف کی دکان پر گئی تو اشرف نے ماریہ کو زبردستی کھینچ کر اندر لے گیا۔ ماریہ نے شور مچا دیا اہل محلہ ماریہ کا شور سن کر بھاگے اور اشرف کو پکڑ کر حوالہ پولیس کر دیا۔ مانگا منڈی پولیس نے ملزم اشرف کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
سروسز ہسپتال میں تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے کیس کی سماعت‘ 4 ملزموں کی درخواست ضمانت میں 4 روز کی توسیع
لا ہور (کورٹ رپورٹر) سروسز ہسپتال میں تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے کیس کی سماعت کی گئی۔ سیشن کورٹ نے چار ملزموں کی درخواست ضمانت میں چار دن کی توسیع کرتے ہوئے متعلقہ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کئے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ندیم احمد نے سلیمان ،سارہ جمیل وغیرہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بے قصور ہیں‘ پولیس اہلکاروں نے بلاوجہ مقدمے میں نامزد کیا۔پولیس اہلکاروں نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت عبوری درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ شادمان پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔