3 مزدوروں کی حادثے میں ہلاکت کا مقدمہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کیخلاف درج
لاہور (نامہ نگار)جنوبی چھائونی کے علاقے میں اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی انڈر پاس میں پھنسنے کی وجہ 3 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ ڈرائیور کیخلاف درج کر لیا گیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کر دی ہے ۔بھٹہ چوک کے قریب رحمان ولازنامی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈرائیور ندیم اینٹوں سے بھری ٹریکٹرٹرالی لے جارہا تھا جبکہ ٹرالی میں لدی اینٹوںکے اوپر کوٹ رادھا کشن کے رہائشی تین مزدور نثار ،ساجد اور شاہد سوئے ہوئے تھے ۔ ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہا ں راستے میں انڈر پاس سے ٹرالی گزارنے کی کوشش کی۔ جس پر ٹرالی انڈرپاس میں پھنس گئی اوراینٹوں پر سوئے ہوئے تینوںمزدور نثار ،ساجد اور شاہدانڈر پاس کی چھت سے ٹکرانے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔ڈرائیور اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے موقع سے فرار ہونے لگا تو وہا ں پر موجود سکیورٹی گارڈز نے اسے پکڑ کر پولیس کو اطلاع کردی ۔جس پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور ندیم کو حراست میںلے لیا اور تینوں مزدوروں کی نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی تھی۔پولیس نے ڈرائیور ندیم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔