نوازشریف کی امیر مقام کو پشاور کنونشن کی کامیابی پر مبارکباد
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کو پشاور کنونشن کی کامیابی پر مبارکباددی،انہوں نے کمرہ عدالت میں امیر مقام کو اپنے ساتھ والی نشست پر بلا لیا،امیر مقام کے لیے سینیٹر مشاہدحسین سید کو نواز شریف کے ساتھ والی نشست خالی کرنا پڑی،بعد ازاں رانا تنویر حسین کی آمد پر امیر مقام اٹھ کر پچھلی نشست پر بیٹھ گئے،سماعت کے موقع پر مسلم لیگ(ن) کی سینیئرخاتون رہنما رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ بھی پہلی دفعہ اھتساب عدالت میں آئیں،وہ آتے ہی مریم نواز کے ساتھ مل کر آبدیدہ ہو گئیں،انہوں نے مریم نواز سے کہا کہ آپ لوگ بہت مشکل میں ہیں اللہ آپ کی مشکل آسان کرے۔ایک صحافی نے میاں نواز شریف سے چوہدری نثار سے متعلق سوالات کیے تونواز شریف نے ان کا کوئی جواب نہیں دیا۔سماعت کے دوران جب مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی واجد ضیاءپر جرح جاری کے دوران پرویز رشید اور سینیٹرمشاہد حسین سید روسٹرم کے قریب کھڑے ہو کر کارروائی دیکھ رہے تھے کہ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے ان پر اعتراض اٹھا دیا ،پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہاں وزرا کھڑے ہو کر ہنستے اور داد دیتے ہیں، کسی ٹرائل میں ایسا نہیں ہوتا کہ وزیر کھڑے ہو کر کمنٹ کرتے رہیں،جس پر وکیل صفائی امجد پرویز بولے کہ افضل قریشی کے اپنے تبصرے آج اخبارات کی زینت ہیں،یہ جنریٹر اور عمران خان کی شادیوں کی بات کر کے ٹی وی چینلز پر ٹکر چلواتے ہیں، استغاثہ کے گواہ واجد ضیا نے مریم نواز کو جے آئی ٹی کی طرف سے جاری کیے گئے سمن کی تاریخ دیکھنے کے لیے ساتھ لائے گئے صندوق کو کھلوایا،صندوق کھلواتے وقت واجد ضیا نے کلائی میں پہنی گھڑی کو ٹچ کرکے ٹائم بھی دیکھا۔ ریفرنسز کی سماعت کے دوران دعاﺅں کے ساتھ ساتھ خصوصی ورد بھی شروع ہو گئے ہیں،مولوی نعیم بٹ احاطہ عدالت میں مسلسل ورد کرتے ہوئے نظر آئے، مولوی نعیم بٹ گزشتہ دو پیشیوں سے مسلسل احتساب عدالت میں آ رہے ہیں اور وہ نواز شریف کی کمرہ عدالت موجودگی تک ورد کرتے رہتے ہیں۔ پیشی کے موقع پر وفاقی وزرا چوہدری محمد برجیس طاہر، دانیال عزیز، وزرا مملکت محمد طلال چوہدری،مریم اورنگزیب ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری،سینیٹر مشاہد حسین سید،سینیٹر سعدیہ عباسی،ایم این اے تہمینہ دولتانہ،چوہدری عابد رضا، انجینئر امیر مقام،ایم این اے ملک ریاض احمد، ایم این اے محترمہ زیب جعفر اور دیگر (ن)لیگی اراکین بھی موجود تھے۔
نوازشریف/ امیر مقام