نواز شریف کو بھی وفاداری پر شک ہے تو زندگی بے کار گئی: نثار
ٹیکسلا (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ میرے اپنی جماعت اور قیادت کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات چل رہے ہیں، جوکہ کسی سے پوشیدہ نہیں، تاہم مجھے یقین ہے کہ وہ اختلافی معاملات پارٹی سطح پر ہی حل ہوجائینگے، اس لئے کہ میں اپنے اصولی موقف پر قائم ہوں، میں نے نوازشریف سے کہا تھا کہ اگرچہ مشکل وقت ہے لیکن پارٹی بچ گئی تو میاں صاحب آپ بھی بچ جائینگے، ہمیں موجودہ حالات میں عدلیہ پر تنقید کرکے محاذ آرائی کی فضا کو بڑھانا نہیں چاہئے‘ 34 برس سے پارٹی اور پارٹی قیادت کے ساتھ جس طرح کی وفاداری میں نے نبھائی، مجھے اس بات پر فخر ہے لیکن اگر نوازشریف کو پھر بھی میری وفاداری پر شکوک وشبہات ہیں، تو پھر میں یہ کہہ سکتا ہوںکہ میری ساری وفاداری پر مبنی گزاری گئی زندگی سب کی سب بیکار گئی، میں نہ خوشامدی ہوں اور نہ غلط بات کہنے اور سننے والا ہوں، افسوس اس بات کا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسی چیونٹیوںکو بھی پر لگ گئے ہیں، جن کی کوئی حیثیت نہیں اور معلوم نہیںکس کی آشیرباد پرچیونٹی کی حیثیت رکھنے والے مجھے سیاست سکھانے چل نکلے ہیں، انہوں نے کہاکہ میں34سالہ سیاسی تجربہ رکھتا ہوں، جس کسی نے بھی حساب چکاناہے تومیدان میںآئے، شہبازشریف بھی حساب چکانا چاہتے ہیں، تو چکا لیں،انشاءاللہ میراہی قرض ان پربقایانکلے گا،ان خیالات کااظہارانہوںنے جی ٹی روڈواہ جنرل ہسپتال کی باضابطہ افتتاحی تقریب کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب مبں کیا، میں نے ہر مشکل وقت میں میاں نوازشریف کا اگلی صفوں میںکھڑے ہوکر ساتھ دیا، بے نظیربھٹوسے مقابلہ ہو یا سابق صدرغلام اسحاق خان سے جنگ،اسی طرح سول ملٹری تعلقات میںکشیدگی کاماحول اورجنرل اسلم بیگ کے ساتھ اختلافی معاملات، آج بھانت بھانت کی بولیاں بولی جا رہی ہیں۔
نثار