افغانستان : طالبان کاحملہ ، ضلعی گورنر سیمت15 اہلکار، 25 جنگجوہلاک
کابل(صباح نیوز)صوبہ غزنی میں طالبان کے حملے میں ضلعی گورنر سمیت 15 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ سے 25طالبان بھی مارے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی کے ضلع خواجہ عمری میں طالبان نے حملہ کرکے ضلعی گورنر سمیت 15 سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ ضلعی پولیس کے نائب سربراہ رمضان علی موسینی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا 30 کے قریب طالبان نے ضلعی گورنر کے دفتر اور اس سے ملحقہ چیک پوسٹ پر خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملہ کیا جس میں فوری طور پر7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور سیڑھی لگا کر اندر داخل ہوئے۔ رمضان علی موسینی کے مطابق رات بھر دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ رہا اور ضلعی گورنر کی ہلاکت کی خبر علی الصبح ملی جب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن اختتام پذیر ہوا اور 25 طالبان بھی مارے گئے۔ لڑائی میں زخمی ہونے والے مزید 8 پولیس اہلکار دورانِ علاج دم توڑ چکے ہیں جب کہ 7 اہلکار تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔
افغانستان