عوامی مفاد میں کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے‘ آفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے شہر میں جاری بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ملی بھگت سے گرمیوں کو کراچی کے شہریوں کیلئے عذاب بنایا جارہا ہے، فرنس آئل بچانے کیلئے پیداواری یونٹوں کی بندش کا عمل کسی بھی طرح حکومتی مرضی کے بغیرممکن نہیں ۔حکومت کا ،کے الیکٹرک کو نجی کمپنی قرار دے کر مداخلت سے معذوری کو اس لئے جواز نہیں مانا جاسکتا کہ مفاد عامہ کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کی صورت میں ریاست کو مداخلت کا آئینی حق حاصل ہے لیکن اپنا یہ حق استعمال کرنے کی بجائے حکومت کے الیکٹرک انتظامیہ کو سہولتیں فراہم کرتی نظر آرہی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت نے عوام کو اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے اقدامات نہ کئے تو عوام کی مشاورت سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ اپنی رہائش گاہ پر عزیز آباد سے آنے والے بزرگوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہاکہ صوبائی حکومت ادارے کو شنگھائی الیکٹرک کے حوالے کرنے کے وفاقی فیصلے کو ناکام بنانے کیلئے بدترین لوڈ شیڈنگ پر چپ سادھے ہوئے ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے ڈھائی کروڑ عوام کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس ادارے کو دوبارہ قومی تحویل میں لیا جائے لیکن چونکہ ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا اس لئے شنگھائی الیکٹرک کو کڑوی گولی سمجھ کر نگلنے کیلئے صرف اس لئے تیار ہیں کہ اسکا تجربہ اور ریکارڈ کے الیکٹرک کی موجودہ انتظامیہ سے بہر حال بہتر ہے ۔ آفاق احمد نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری بجلی کے بحران کا بھی نوٹس لے کر قومی معیشت کو بچائیں ۔
آفاق احمد