قومی اسمبلی : جتنی بجلی چوری ہو اتنا ٹیکس اور پٹرولیم قیمتیں بڑھا دیں : اویس لغاری
اسلام آباد (ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ بجلی کی چوری لاہور میں ہوتی ہے مگر وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی۔ سندھ، بلوچستان اور کے پی کے میں بجلی کی چوری پانچ سے آٹھ فیصد جبکہ ٹیکنیکل خسارہ 21 فیصد ہے، ٹیکنیکل خسارہ عوام سے لیا جا رہا ہے جو کہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔ کراچی الیکٹرک کو حکومت حکم دے کہ وہ تیل سے پلانٹ جلا کر بجلی پیدا کرے، 45 فیصد علاقے میں لوڈ شیڈنگ ہو گی تو حکومتی دعویٰ پر کوئی یقین نہیں کرے گا۔ وقفہ سوالات میں خورشید شاہ نے کہا کہ ایک طرف حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا دعویٰ کررہی ہے اور دوسری طرف بلوچستان، سندھ اور صوبہ کے پی کے کے صارفین کو چور کہہ رہی ہے، یہ پاکستان کی اکائیاں ہیں اور پاکستان کا آئین سب کو مساوی حقوق دیتا ہے۔ میں ڈیرہ غازی خان، لاہور اور فیصل آباد کے عوام کو بھی پاکستانی سمجھتا ہوں۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں کئی بار بریفنگ ہوئی۔ لاہور میں 85 فیصد صارفین کمرشل ہیں اور 15 فیصد گھریلو صارفین ہیں اس لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی ہے جبکہ بلوچستان، سندھ اور صوبہ کے پی کے میں 85 سے 90 فیصد صارفین گھریلو ہیں آج بھی بلوچستان میں 16 سندھ میں 12 کے پی کے میں 10 اور جنوبی پنجاب میں 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ چوری صرف 8 فیصد ہے۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ اگر ایوان ایک قرارداد پاس کرے کہ بجلی کی چوری کے زیادہ ہونے کے ساتھ ہی پٹرول کی قیمت بڑھائی جائے گی تو ملک کو لوڈشیڈنگ فری کر دیں گے۔ ایل این جی مقامی گیس سے مہنگی ہے اس لئے بجلی بھی مہنگی پیدا ہو رہی ہے جہاں پر بجلی چوری ہو گی وہاں پر لوڈشیڈنگ بھی ہو گی۔ ملک میں بجلی چوری کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ سابق حکومت نے کیا اور ہم وہ معاہدہ ختم نہیں کر سکتے ہیں۔ بجلی کے منافع میں صوبوں کو پیسے دینے کے لئے ہم نے بجلی کی قیمت کو بڑھایا ہے پنجاب سمیت تمام صوبوں میں بجلی چوری ہوتی ہے مگر کسی صوبہ نے بجلی چوری کے حوالے سے ہماری مدد نہیں کی اس لئے بجلی چوری کا بوجھ صارفین پر ڈالنا پڑتا ہے۔ ایل این جی پر باقی پلانٹ سے سستی بجلی پیدا ہوتی ہے اور حکومت پنجاب نے 35 فیصد کم پیسوں میں یہ پلانٹس لگائے ہیں۔ ایک پلانٹ مکمل اور باقی دو پلانٹ 4 مہینوں میں مکمل ہو جائینگے۔ کراچی الیکٹرک کو اضافی بجلی دے رہے ہیں۔ معاہدے کے تحت ان کو بجلی پیدا کرنے کے لئے پلانٹ لگانے تھے کے الیکٹرک میں 76 فیصد شیئر پرائیویٹ کمپنی کے ہیں۔ نیپرا کا وفد کراچی گیا ہے وہ ایک دو دن میں رپورٹ دے گا وہ ایوان میں پیش کر دوں گا۔ اویس لغاری نے کہاکہ کے الیکٹرک سوئی سدرن کے واجبات نہیں دے رہی جس کی وجہ سے مسائل کاسامناہے۔قومی اسمبلی نے مہاجرین کی سمگلنگ کے تدارک کے بل 2018ءکی منظوری دیدی۔ سپیکر نے بل کی مختلف شقوں کی یکے بعد دیگرے ایوان سے منظوری حاصل کی۔ بل میں ڈاکٹر شیریں مہرالنساءمزاری، نواب محمد یوسف تالپور کی طرف سے ترامیم پیش کی گئیں جو ایوان نے مسترد کر دیں۔ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی نے خواجہ سہیل منصور نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کیخلاف ستارہ امتیاز واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ستارہ امتیاز پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے کے اعتراف میں دیا گیا، جن لوگوں نے کبھی ٹیکس نہیں دیا ان کیلئے ایمنسٹی سکیم جاری کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر ایوان سے واک آﺅٹ کیا۔ علی رضا عابدی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ چیچہ وطنی میں ذہنی طور پر معذور بچی کے ریپ کی مذمت کرتا ہوں۔ قصور واقعہ پر پورا پاکستان سراپا احتجاج تھا۔ یہ واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ سندھ میں ایک وڈیرے نے گلوکارہ کو گولی ماردی۔ ہم کراچی میں سیاسی سپیس مانگ رہے ہیں۔ ہمارے خلاف باقی پارٹیوں کو کھڑا کیا جارہا ہے۔ شیخ آفتاب احمد اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ارکان کو واک آﺅٹ ختم کرکے ایوان میں واپس لے آئے۔
قومی اسمبلی
ڑ