ملک کی ترقی کیلئے جامعات اور انڈسٹریز میں رابطے ضروری ہیں،گورنر سندھ
کراچی (نیوز رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان موثر رابطے قائم رکھنا بہت ضروری ہے تاکہ یونیورسٹی کے طلبہ کو ملکی انڈسٹری میں ہونے والی تیز رفتار ترقی اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے معلومات حاصل ہوتی رہیں اور جب طلبہ اپنی تعلیم مکمل ہوجانے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھیں تو وہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرسیکیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو) کے کا نوکیشن۔۲۰۱۸ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کہی۔اس موقع پر سال ۲۰۱۶ اور ۲۰۱۷ میں ایم بی اے،ایم ایس،ایم سی ایس،بی بی اے اور بی ایس کرنے والے طلبہ کو ڈگریاں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو گولڈ میڈلز دیئے گئے۔ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ کے علاوہ یونیوسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین پروفیسر ڈاکٹر سہیل افضل، اسلم سنجرانی اور بیرسٹر شاہدہ جمیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج کے دور میں جدت پسندی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے اور انھیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ محمد علی جناح ونیورسٹی جو کہ بانی پاکستان کے نام سے منسوب ہے یہاں جدت پسندی کو بہت اہمیت حاصل ہے اور یہاں کے اساتذہ طلبہ کی بہترین تعلیم اور تحقیق کے کام کی حوصلہ افزائی کے لئے بڑی محنت سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب اپنی عملی زندگی کے سفر کا آغاز کررہے ہیں اور انھیں پوری امید ہے کہ وہ اپنی لگن،محنت اور اپنی صلاحیتوں کے بھر پور اظہار کی بنا پر ان کا مستقبل انتہائی روشن اور تابناک ہوگا۔ گورنر سندھ نے ڈگری وصول کرنے والے طلبہ کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جس ملک میں ایک عام آدمی کو پرائمری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میُسر نہیں ہے وہاں انہوں نے اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلواکر ملک و قوم کی ایک بہتر خدمت کی ہے کیونکہ ایک تعلیمیافتہ معاشرہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک اہم رول ادا کرسکتاہے۔