کراچی (رپورٹ: محمد قمر خان) کراچی میں جاری قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے نظم و ضبط اور سپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو ایک اور واقعے میں سوئی سدرن کے کھلاڑی محمد جاوید نے اپنے خلاف فیصلے پر امپائر حیدر رسول پر ہاکی سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ کلائی تڑوابیٹھے۔ چیمپئن شپ کے ڈائریکٹر سابق اولمپیئن افتخار سید نے سوئی سدرن گیس کے کھلاڑی محمد جاوید کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور دوران میچ امپائر پر ہاکی سے حملہ کرنے کی الزام میں پورے ٹورنامنٹ سے خارج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس اور حبیب بنک کے درمیان میچ کے پہلے ہاف میں جب امپائر حیدر رسول نے سوئی گس کے خلاف شارٹ کارنر کافیصلہ دیا۔ تو اس موقع پرشرٹ نمبر 4 کھلاڑی محمد جاوید نے امپائر کے اس فیصلے پر احتجاج کیا جس پر امپائر نے محمد جاوید کو یلو کارڈ کردیا ‘ امپائر کی جانب سے اس فیصلے کے بعد محمد جاوید طیش میں آگئے اور امپائر حیدر رسول پر ہاکی سے حملہ کردیا جس کی وجہ سے امپائر کی کلائی پر سخت چوٹ لگی۔ محمد جاوید کے اقدام پر انہیں ریڈ کارڈ کرکے گراﺅنڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔ قومی چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل واپڈا کے کوچ اور ایک کھلاڑی سجاد انور نے امپائر کے فیصلے کو رد کرتے ہوئے احتجاج کرتے ہوئے جیوری پر حملہ کیا تھا۔ جبکہ پی آئی اے اور سوئی گیس کے درمیان میچ کے دوران دو کھلاڑی یاسر اسلام اور عباس حیدر کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر پے درپے پیش آنے والے ان واقعات کے بعد چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیموں کو وارننگ دی ہے کہ اگر دوران چیمپئن کسی کھلاڑی کی جانب سے ایسا رویہ اختیار کیا گیا تو پوری ٹیم کو ٹورنامنٹ سے خارج کیا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے آج کے واقعے میں ملوث محمد جاوید کے خلاف ایکشن کے لئے پی ایچ ایف اور ان کے ادارے سوئی گیس سے بھی رابطہ کیا ہے اور اس واقع کی رپورٹ فیڈریشن اور سوئی گیس کو بھی دی ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024