ہم نے جہالت کے خلاف جہاد کا اعلان کر رکھا ہے، حنید لاکھانی
کراچی (نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 73واں یوم وفات پر ان کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قوم کا خواب تھا کہ پاکستان کا ہر بچہ تعلیم یافتہ ہو اور پاکستانی پڑھی لکھی قوم کہلائی جائے اس لیے میں نے جہالت کے خلاف جہاد کا اعلان کر رکھا ہے کیونکہ تعلیم ہی وہ رستہ ہے جس کی بدولت غربت کا خاتمہ کیا جا سکتاہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھا نی نے کہا کہ ہمیں اپنے عظیم قائد کا یوم وفات نہایت احترام کے ساتھ منانا چاہیے قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا قوم ان کا یہ احسان کبھی نہیں بھلا سکتی، پاکستانی قوم اپنے قائد سے والہانہ محبت رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ قائداعظم جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے وہ ایک ایماندار رہنما تھے سیاست او ر وکالت کے شعبے میں رہ کر اپنے دامن کو صاف ستھرا رکھے ، قائداعظم نے مسلمانوں کے لیئے دوقومی نظریے کی بنیاد پر جدوجہد کی، بابائے قوم کا یوم وفات ہمیں ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے جس نے تمام تر مشکلات کے باوجود مسلمانوں کو ایک الگ ملک دلایا ، انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور پاکستان میں آج ہم جو آزادی کی زندگی بسر کر رہے ہیں وہ قائداعظم محمد علی جناح کی محنتوں ، کاوشوں اور سچی لگن کا نتیجہ ہے ، ایسا نہیں ہے کہ یہاں صرف مسلمان ہی آزادی سے زندگی جی رہے ہیں بلکہ پوری دنیا میں واحد پاکستان ملک ہے جہاں اقلیتوں کو نہ صرف بھرپور تحفظ ہے بلکہ ان کو اپنے مذہبی عبادات کی بھی بھرپور آزادی حاصل ہے اور ان کو تمام جائزو بنیادی حقوق بھی حاصل ہیں، انہوںنے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا خواب ایک پڑھا لکھا پاکستان تھا اور انہوں نے اپنے خواب کی تعبیر تعلیم اور محنت کے ذریعے حاصل کی، ہمیں بھی اپنے قائد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے چاہیے اور ان کے لیئے تعلیم کے میدان میں آسانیاں فراہم کرنی چاہیے تا کہ ہر بچہ علم حاصل کرسکے اور یہی بابائے قوم کا خواب تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ تعلیم یافتہ ہو قائد کے خواب کے برعکس کچھ نہیں ہونا چاہیے۔
حنید لاکھانی