پی سی بی سے اختلافات، چیف سٹریٹیجک آفیسرشفقت نغمی مستعفی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سٹریٹیجک آفیسر شفقت نغمی نے عہدے سے استعفٰی دیدیا۔شفقت نغمی، ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات کی وجہ سے انہوں نے ذمے داریاں چھوڑ دیں۔پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ شفقت نغمی نے گذشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفٰی دیدیا۔لیکن ترجمان نے وجہ بتانے سے انکار کردیا۔ شفقت نغمی اور پی سی بی مشترکہ طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ پی سی بی سے علیحدہ ہوجائیں۔ احسان مانی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد شفقت نغمی کو ملازمت پر رکھا تھا لیکن ان سے کام نہیں لیا جارہا تھا۔ پی سی بی مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ نے کریٹیو کے شعبے کیلئے ایک شخص کوایک ماہ کے لئے کنسلٹنٹ مقرر کیا۔کنسلٹنٹ کو مارکیٹنگ شعبے نے ایک ماہ کی ادائیگی 17لاکھ روپے کی،لیکن اس کے بعد کریٹیو ڈیزائن اینڈ کمیونی کیشن کنسلٹنٹ کے عہدے کا اشتہار دیدیا گیا ہے۔پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹی وی سے وابستہ ایک شخص کو ایک ماہ کے لئے کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا،جس کے بعد اس عہدے کا اشتہار دیدیا گیا۔لیکن ترجمان نے سترہ لاکھ روپے تنخواہ کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔