یکم تادس محرم ،ایک ہزار 298 عزاداروں کو ہسپتال منتقل کیا:ریسکیو
لاہور(نامہ نگار) پنجاب ایمرجنسی سروس ) ریسکیو (1122 پنجاب کے تمام شہروں میںیکم محرم الحرام سے دسویں محرم کے دوران ہائی الرٹ رہی اور ایمرجنسی میڈیکل کور فراہم کرتے ہوئے53018 عزاداروں کو موقع پرابتدائی طبی امداددی اور1298 عزاداروں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ پنجاب کے تمام شہروںمیں24 گھنٹے ماتمی جلوسوں کو میڈیکل کور فراہم کیا گیا۔ماتم کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کے زخموں کو جراثیم کش ادویات سے دھویا گیا اور ان کی مرہم پٹی کی گئی اور گہرے زخموں والے عزاداروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ضلع بہاولپور کے ماتمی جلوس میں شامل عزادارجو حرکت قلب بند ہونے کے باعث دم توڑ گیاکی میت کو بھی بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔پنجاب بھر میں 11000 سے زائدریسکیورزکو600موٹرسائیکل ایمبولینسز،763 ایمرجنسی و پیشنٹ ٹرانسفر ایمبولینسز،71فائر ٹینڈرز اور ریسکیو وسپیشلائزڈوہیکلز کے ہمراہ عاشورہ کے دوران ریسکیوسروس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے تعینات کیا گیا۔جبکہ صوبائی دارلحکومت لاہور میں900 ریسکیورز،297موٹربائیک ایمبولینسز،50ایمرجنسی ایمبولینسیز،18 فائر وہیکلز،06ریسکیو وہیکلز اور07 سپیشل وہیکلز ذوالجناح ،علم اور تعزیے کے جلوسوں کے مقررہ راستوں پر الرٹ رہیں ۔