پنجاب کی صوبائی کابینہ میں توسیع , مزید12 صوبائی وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔

Sep 12, 2018 | 19:37

پنجاب کی صوبائی کابینہ میں توسیع کر دی گئی ہے ۔ 12 صوبائی وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے صوبائی وزراء سے حلف لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ حلف اٹھانے والے وزراء میں میاں خالد محمود ، محمد جہانزیب خان کھچی،پیر سید سعید الحسن شاہ ، مہرمحمد اسلم ، سید حسنین جہانیاں گردیزی ، محمد اجمل ، محمد اخلاق ، آشفہ ریاض ،شوکت علی لالیکا ، زوار حسین وڑائچ ، اعجاز مسیح اور محمد اختر شامل ہیں ۔ حلف برداری کی اس پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار، صوبائی وزرا، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد اکرم چوہدری، انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب ،ممبران صوبائی اسمبلی اور صوبائی سیکرٹریزکے علاوہ دیگر عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار نے ملاقات کی۔جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور اہم دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں