بیگم کلثوم نواز کی وفات: العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

Sep 12, 2018 | 11:39

ویب ڈیسک

اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت بیگم کلثوم نواز کی وفات کی وجہ سے بغیر کسی کارروائی کے  کل تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت میں جب العزیزیہ ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی تو نوازشریف کے وکیل خواجہ محمد حارث نے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہو گیا ہے۔ نوازشریف کی غیرحاضری میں کارروائی چلانے کی ہدایت نہیں ملی۔ اس موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز قومی شخصیت تھیں۔ آج کارروائی چلانا ویسے بھی مناسب نہیں ہے۔ خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف کو پیرول پر رہا کر کے لاہور بھیج دیا گیا ہے۔ لہٰذا میں آج کسی کارروائی کے حوالے سے اپنے موکل سے ہدایات نہیں لے سکا اور آج (جمعرات کو) ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کر دوں گا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جیل حکام کی طرف سے کوئی روبکار آئی ہے۔ اس پر عدالت کو بتایا گیا کہ جیل کی طرف سے عدالت کو ابھی تک آگاہ نہیں کیا گیا کہ نوازشریف کو کن شرائط پر رہا کیا گیا ہے۔ اس موقع پر عدالت نے کہا کہ کیس کی سماعت آج (جمعرات) تک ملتوی کر دیتے ہیں۔ آج (جمعرات کو) ساڑھے نو بجے عدالت العزیزیہ ریفرنس کی دوبارہ سماعت شروع کرے گی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی وجہ سے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دیتے ہیں۔

مزیدخبریں