قومی کرکٹرز کے دبئی میں ڈیرے ،آج پریکٹس شاداب کا کردار کا اہم ہوگا:انضمام

Sep 12, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ایشیاء کپ 2018 ء میں شرکت کے لئے دبئی پہنچ گئی۔قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 623 کے ذریعے دبئی پہنچی۔قومی ٹیم نے گزشتہ روزآرام کے بعد آج سے آئی سی سی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ میں فخر زمان، امام الحق ، شان مسعود ، بابر اعظم ،شعیب ملک،آصف علی ، حارث سہیل، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، حسن علی اور محمد عامر شامل ہیں‘تمام کھلاڑی کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں ۔ایشیا کپ 15 سے 28ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ ٹورنامںٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ کا پہلا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا ، دوسرا میچ 16 ستمبر کو پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا۔ تیسرا میچ 17 ستمبر کو افغانستان اور سری لنکا، چوتھا میچ 18 ستمبر کو انڈیا اور ہانگ کانگ کے درمیان ، پانچواں میچ 19 ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان، چھٹا میچ 20 ستمبر کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 26 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا جس کیلئے گرائونڈ کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں شاداب خان کا کردار اہم ہوگا۔لاہور میں ایک یونیورسٹی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے منتخب سکواڈ بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں متوازن ہے، گرین شرٹس پوری تیاری کیساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، امید ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان ٹیم کی سب سے بڑی قوت ہم آہنگی اور اتحاد کی فضا ہے، یواے ای کی سلو پچز پر سلو بائولرز کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا، قومی سکواڈ میں 2 سپنرز شامل ہیں، شاداب خان پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اوپنرز فخرزمان اور امام الحق کیساتھ بابر اعظم بھی اچھی فارم میں ہیں،حارث سہیل بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ایک سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ایشیا کپ میں کوئی کھلاڑی زخمی ہو، اگر ہوا بھی تو یو اے ای ہمارے لئے ہوم گراونڈ جیسا ہے،’’اے‘‘ ٹیم بھی وہاں ایکشن میں ہوگی،متبادل تلاش کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

مزیدخبریں