پی سی بی نے قومی ویمنز ٹیم کی مصروفیات کا شیڈول جاری کر د یا

Sep 12, 2018

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ویمنز ٹیم کی آئندہ مصروفیات کا شیڈول جاری کر دیاہے، قومی ویمن ٹیم کا پہلا ایونٹ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ہوگی جبکہ ٹیم ملائیشیا میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیلے گی۔قومی ویمنز کرکٹ ٹیم یکم اکتوبر سے 8 اکتوبر تک 4 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلنے کیلیے بنگلہ دیش جائے گی، میچز کھلنا میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کیلیے کوالالمپور روانہ ہو جائیگی جہاں 11 سے 14 اکتوبر تک کیمپ لگایا جائے گا جس کے بعد 18 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ 3 ایک روزہ میچز آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کا حصہ اور اگلے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائنگ مرحلے کا درجہ رکھتے ہیں۔اس سیریز کے بعد ٹیم ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلیے ملائیشیا سے ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائے گی۔ میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیشی ٹیموں کے ساتھ 4 اور 6 نومبر کو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی، پاکستان کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے، گروپ میچز 9 نومبر سے گیانا میں شیڈول ہیں۔

مزیدخبریں