عمران خان نااہلی کیس، بنچ کی تشکیل کیلئے متفرق درخواست دا ئر
اسلام آباد ( وقائع نگار) کاغذات نامزدگی میں مبینہ طور پر حقائق چھپانے پر وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق مقدمہ کی سماعت کیلئے بنچ تشکیل دینے کی متفرق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس میں مضبوط شواہد و دستاویزات موجود ہیں ، نئے بنچ کی تشکیل میں تاخیرججز کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے ، بنچ کی تشکیل میں تاخیر سے تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ ملک میں انصاف کے دو معیار چل رہے ہیں ، ایک فریق کے خلاف مقدمات کی سماعت میں تیز رفتاری جبکہ دوسرے فریق کے خلاف مقدمات کی سماعت میں سستی کی جا رہی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیا بنچ تشکیل دے کر اس درخواست کو جلد سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔ متفرق درخواست کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویڑن بنچ آج کرے گا۔ شہری حافظ احتشام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کو جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل بنچ نے جب سماعت کا آغاز کیا تو جسٹس اطہر من اللہ ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس سے الگ ہو گئے تھے جس کے بعد سے کوئی نیا بنچ تشکیل نہیں دیا جا سکا۔