دوسری بیوی کا معاملہ‘ ایم این اے عابد حسین سے تفصیلات مانگ لی گئیں
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے مبینہ طور پر دوسری بیوی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے سے متعلق معاملے پر پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عابد حسین سے طلاق کے معاہدہ کی تفصیلات طلب کر لی۔ الیکشن کمیشن میں مبینہ طور دوسری بیوی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے سے متعلق کیس پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے سماعت کی ،درخواست گزار کی طرف سے وکیل حسن مان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ،وکیل نے کہا کہ عابد حسین نے کاغذات نامزدگی میں دوسری بیوی ظاہر نہیں کی ،حسن مان نے کہا کہ عابد حسین کے دو بچے بھی نادرا کے ریکارڈ میں ظاہر نہیں کئے گئے ۔عابد حسین کے کاغذات نامزدگی پہلے منظور ہوئے بعد میں ٹربیونل نے مسترد کئے ۔عابد حسین کے وکیل نے کہا کہ عابد حسین نے دوسری بیوی کو طلاق دے دی تھی،درخواست گزار کے وکیل حسن مان نے کہا کہ طلاق کو کہیں رجسٹرڈ کرانا ہوتا ہے ، طلاقیں رجسٹرڈ ہوتی ہیں لیکن یہ طلاق کہیں بھی رجسٹرڈ نہیں ہے۔،نثار کھوڑو نے بھی کہا تھا کہ زبانی طلاق دی ہے لیکن ان کو الیکشن سے باہر کر دیا گیا،عابد حسین کے وکیل نے کہا کہ یہ باہمی رضامندی سے طلاق ہوئی ہے ،دونوں آپس میں کزن تھے ،ہم نے طلاق کی ڈیڈ متعلقہ یونین کونسل میں جمع کرائی ہے ،دروخواست گزار کے وکیل حسن مان نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو نادرا ریکارڈ میں ظاہر نہیں کیا صرف کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا ہے،الیکشن کمیشن نے عابد حسین سے طلاق کی ڈیڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24ستمبر تک ملتوی کردی،عابد حسین این اے 198شکار پور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔