این ایچ اے کے 5 افسر معطل‘ 3 کو شوکاز نوٹس جاری

Sep 12, 2018

اسلام آباد (مسعود ماجد سید؍ خبر نگار)نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں تبدیلی آگئی،وسیع پیمانے پر افسروں کی معطلیاں، اکھاڑ پچھاڑ اور کئی افسران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دئیے گئے۔ این ایچ اے کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق پیر کو این ایچ اے حکام کی جانب سے وسیع پیمانے پر تبادلوں کے تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے گریڈ انیس کے جی ایم ون مشتاق احمد کلہوڑ، جی ایم اسلام آباد مری دورویہ کیرج وے جمال عبدالناصر، جی ایم شمالی علاقہ جات حبیب الرحمان، ڈائریکٹر انجیئنر اشفاق اور ڈائریکٹر مینٹی نینس ایاز خان کونوکریوں سے معطل کردیاگیاہے جبکہ جی ایم انجینر غلام مجتبیٰ میمن، جی ایم انجینئر شاہد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر طاہر خان کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں، اسی طرح سے گریڈبیس کے ممبر پلاننگ عاصم امین کو ممبر انجینئرنگ کوآرڈی نیشن کا اضافی چارج دے دیاگیاہے، گریڈ بیس کے جی ایم کوآرڈی نیشن رفیق احمد خان کو جی ایم اسٹیبلشمنٹ پشاور، ان لینڈ ریونیو گریڈ انیس کی یاسمین یوسف کی گریڈ انیس میں بطور ڈائریکٹر انجینر تین سال کی مدت ڈیپوٹیشن میں توسیع کر دی ہے،گریڈ انیس کے ڈائریکٹر انجینئر بیبو رام کی مدت ڈیپوٹیشن میں دوسال کی توسیع کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں